ملتان؛ سینئر منیجمنٹ کورس کے افسران پر مشتمل وفد کا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا دورہ ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ثاقب ظفر سے ملاقات کی

23

ملتان، 25اگست (اے پی پی ): سینئر منیجمنٹ کورس کے افسران پر مشتمل وفد نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا دورہ  کیا،دورہ  کے دوران وفد نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر سے ملاقات کی۔

 نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ اسلام آباد کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نائلہ جبیں  نے وفد کی قیادت کی جبکہ جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز ڈاکٹر احتشام انور،سرفراز مگسی بھی ملاقات میں موجود تھے ۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا بنیادی مقصد عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے مختلف شعبوں میں کامیابیوں کے سنگ میل عبور کئے ہیں، تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں منفرد اقدامات پر فخر ہے۔

 ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کی مانیٹرنگ سے سروس ڈیلیوری اور گڈگورنس میں بہتری آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو جنوبی پنجاب کے وسائل اور مسائل کا مکمل ادراک ہے۔

کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے کہا کہ یہ خطہ پنجاب کی 99 فیصد سرخ مرچ، 98فیصد آم اور94فیصد کپاس پیدا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی 9فیصدآبادی کو واٹر سپلائی اور59 فیصد کو سیوریج کی سہولت حاصل ہے۔

اے سی ایس ساوتھ پنجاب نے کہا کہ سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کی بلڈنگ پر تعمراتی کام جاری ہے جبکہ سول سیکرٹریٹ بہالپور کے لئے50 ایکڑ زمین حاصل کر لی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں اربوں روپے مالیت کے10 سے زائد میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے۔

 ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے کہا کہ حکومت نے جنوبی پنجاب کے لئے خالی آسامیوں کا الگ کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں زراعت،لائیوسٹاک اور سیاحت کے شعبے پر توجہ ہے۔

 اس موقع پر سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ کی ڈائریکٹر کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔