ملکہ کوہسارمری و گردونواح میں بارشوں کا سلسلہ جاری، سیاح موسم سے لطف اندوز ہو رہے

12

مری ، 24 اگست  (اے پی پی ):ملکہ کوہسارمری و گردونواح میں  بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ، موسلا دار بارش نے مری کےموسم کو ٹھنڈا کر دیا ہے  اور سیاح یہاں کے موسم سے لطف اندوز ہوتےہوئے اپنی خوشیاں دوبالا کرتے مری گلیات کے سیاحتی علاقوں کا رخ کئے ہوئے ہیں ۔

رواں ہفتے سے شروع ہونے والے بارشوں کے سلسلے کے پیش نظر ریسکیو 1122 کی طرف سے الرٹ جاری کر دیا   گیا ہے   جس میں  بارشوں سے پہلے کیے جانے والے ضروری اقدامات کا کہا  گیا ہے ۔ بارشوں کے موسم سے پہلے اپنے مکانوں کی چھتوں کی لپائی کروائیں،بارش کے پانی کک نکاسی کے لیے پرنالوں کی صفائی کر لیں،پرانے اور بوسیدہ مکانوں میں رہائش مت اختیار کریں،برساتی ندی نالوں میں کوڑا کرکٹ مت پھینکیں اس سے برسات کے موسم میں طغیانی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے،برساتی ندی نالوں اور نشیبی علاقوں میں رہائش کے لیے تعمیرات مت کریں۔

بارش کے دوران سڑکوں پر احتیاط سے چلیں، نمی کی وجہ سے دھاتی چیزوں،دیواروں اور بجلی کے آلات میں کرنٹ آسکتا ہے جس سے بچنے کے لیےاحتیاط ضروری ہے،بچوں کو بارش کے کھڑے پانی میں کھیلنے اور نہانے سے روکیں۔

بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے بعد متاثرہ علاقے میں عمارتوں اور بجلی کی تاروں سے دور رہیں،زخمیوں کی مدد کے لیے ریسکیورز کا ساتھ دیں اور جب تک حلات معمول پر نہ آجائیں واپس متاثرہ علاقے میں نہ جائیں۔ گاڑی احتیاط سے چلائیں اور کہیں پر پھنس جائیں تو ایمرجنسی کی صورت میں 1122 یا ٹریفک پولیس سے رابطہ کریں۔