وزیراعظم محمد شہبازشریف سے قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے وفد کی ملاقات، توانائی، ہوا بازی، زراعت، لائیو سٹاک، میری ٹائم، سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی

14

دوحہ ۔23اگست  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف سے  دوحہ میں قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی (کیو آئی اے) کے وفدنے ملاقات کی۔ قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی دنیا کے سب سے بڑے خودمختار دولت فنڈز میں سے ایک ہے۔  سی ای او منصور بن ابراہیم المحمود اور چیف انویسٹمنٹ آفیسر آف افریقہ اور ایشیا پیسیفک ریجنز شیخ فیصل تھانی الثانی نے قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کی نمائندگی کی۔ وزیراعظم آفس کے پریس ونگ کے مطابق دو روزہ سرکاری دورے پر دوحہ پہنچنے کے فوراً بعد وزیراعظم کی یہ پہلی مصروفیت تھی۔ وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے اہم ارکان اور اعلیٰ حکام بھی تھے۔ عزت مآب امیر کی دوراندیش قیادت میں قطر کی تیز رفتار اقتصادی ترقی کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان روایتی طور پر بہترین  سیاسی تعلقات کو ایک جامع اقتصادی شراکت داری میں اپ گریڈ کرنا چاہتا ہے۔ وزیراعظم نے دوطرفہ اقتصادی اور سرمایہ کاری کی مصروفیات  خاص طور پر قابل تجدید توانائی بشمول شمسی اور ہوا سے بجلی کی پیداوار، ہوا بازی، سمندری، صنعتی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور مہمان نوازی کے شعبوں میں  تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے منفرد جغرافیائی اور آبادیاتی فوائد کو اجاگر کیا۔ پاکستان کی لبرل اور کاروبار دوست سرمایہ کاری کی پالیسیوں کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے قطرکو پاکستان کے توانائی، ہوا بازی، زراعت اور لائیو سٹاک، میری ٹائم، سیاحت اور   مہمان نوازی  کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے قطری سرمایہ کاروں پر بھی زور دیا کہ وہ علاقائی روابط اور باہمی خوشحالی کو فروغ دینے کیلئے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ذریعے پیش کیے گئے مواقع تلاش کریں۔ وزیر اعظم نے شفاف اور تیز رفتار عمل کے ذریعے قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کو مکمل سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب کے ایک حصے کے طور پر، متعلقہ وزارتوں کی جانب سے متعدد پریزنٹیشنز  دی گئیں جن میں غذائی تحفظ، توانائی، میری ٹائم، ہوا بازی مہمان نوازی  اورسیاحت کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں کیو آئی اے کی  دلچسپی کو سراہا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں اطراف کے نامزد فوکل پرسنز  سرمایہ کاری کیلئے اہم تجاویز پر قریبی مشاورت  کریں گے۔ وزیراعظم نے  منصور بن ابراہیم المحمود اور  شیخ فیصل تھانوی الثانی کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی  تاکہ دورہءِ قطرسے پیدا ہونے والی پیش رفت  کو آگے بڑھایا جا سکے۔ پاکستان کو ایک ترجیحی ملک قرار دیتے ہوئے، کیو آئی اے کے وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو فعال طور پر تلاش کرنے کیلئے کیو آئی اے کی گہری دلچسپی اور تیاری کا اظہار کیا۔