وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قطر کے وزیر اعظم سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا

12

دوحہ ،24اگست  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے  منگل کو یہاں   قطر کے وزیراعظم اور وزیر  داخلہ شیخ خالد بن خلیفہ بن عبدالعزیز الثانی سے ملاقات کی ہے  ۔ ملاقات میں بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔ انہوں نے دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

 دونوں ممالک کے درمیان روابط میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون ،خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم نے توانائی کے شعبے بشمول قابل تجدید ذرائع، انفراسٹرکچر، نقل و حمل، زراعت اور لائیو سٹاک اور سیاحت میں قطر کے ساتھ تعلقات کو گہرا اور متنوع بنانے میں حکومت  پاکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔وزیر اعظم نے قطر کو فیفا ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی پر مبارکباد دی اور دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد میں قطر کے عوام اور حکومت کی کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے قطر میں مقیم پاکستانیوں کی دیکھ بھال پر قطری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان کے انسانی وسائل کی بھرپور صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ پاکستانیوں کے لیے مزید مواقع تلاش کرنے کے لیے قطری قیادت کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں جو اپنی مہارت اور کاروبار کے ذریعے قطر کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔

 افغانستان میں تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعظم نے تعمیری مشغولیت کی اہمیت اور عالمی برادری کو  انسانی اور اقتصادی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے افغان عوام کے لیے اپنی حمایت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے لیے قطر کی کوششوں کے ساتھ ساتھ ملک کے لیے اس کی انسانی امداد کو سراہا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جن کی جڑیں مشترکہ عقیدے اور اقدار کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں قریبی دوطرفہ تعاون پر مشتمل ہیں۔ دونوں ممالک علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بھی قریبی  ہم آہنگی  رکھتے  ہیں۔