وزیر دفاع خواجہ آصف سے کرغزستان کے سفیر اولان بیک توتوئیف کی ملاقات

2

اسلام آباد۔19اگست  (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے  جمہوریہ کرغزستان کے سفیر اولان بیک توتوئیف نے ملاقات کی ،دونوں شخصیات نے علاقائی،عالمی امن اور خوشحالی کے حصول کے لیے اعلیٰ سطحی دوطرفہ رابطوں کے لیے ادارہ جاتی فریم ورک کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔وزیر دفاع نے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس دوستی کو مزید مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ای سی او اور دیگر علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں کے فریم ورک کے تحت کرغزستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دے گا۔ مزید برآں، انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان اور کرغزستان دفاعی تعاون اور کرغزستان کو دفاع سے متعلقہ مصنوعات اور مہارت کی فراہمی میں وسیع پیمانے پر تعاون کر سکتے ہیں۔کرغزستان کے سفیر نے پاکستان کی حمایت اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کی دفاعی صنعتوں اور ان کی مصنوعات کی تعریف کی اور دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔