ٹنڈو محمد خان؛ سید قاسم نوید قمر برسات متاثرہ شہری و دیہی علاقوں سے برساتی پانی کی نکاسی کو سو فیصد یقینی بنانے کے لیے سرگرم

15

ٹنڈو محمد خان،29اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر، ٹنڈو محمد خان کے برسات متاثرہ شہری و دیہی علاقوں سے برساتی پانی کی نکاسی کو سو فیصد یقینی بنانے کے لیے سرگرم ہیں، سید قاسم نوید قمر برسات متاثرہ علاقوں سے اپنی موجودگی میں پرائیوٹ سوئیپرز کے زریعے پانی کی نکاسی کو ممکن بنا رہے ہیں۔

 ٹنڈو محمد خان شہر کے علاقے مشترکہ کالونی میں اے پی پی سے گفتگوکے دوران سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے، مشکل کی اس گھڑی میں پیپلز پارٹی برسات متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عملی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے، ان کا کہنا تھا کہ حالیہ تیز طوفانی بارشوں کے باعث پورا ضلع متاثر ہوا ہے اور کہا کہ  ضلع بھر کے تمام شہری و دیہی علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

 وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ شہر کے  چاندنی چوک، سیرت النبی چوک، سومرا محلہ سمیت متعدد علاقوں سے برساتی پانی کی نکاسی کو ممکن بنایا جا رہا ہے، جبکہ جن علاقوں میں راشن و ادویات کی ضرورت ہے ان  علاقوں کے مکینوں کو راشن و ادویات مہیا کی جارہی ہیں۔