پانچ اگست کا اقدام کشمیر یوں کی حریت کو دبانے کی آخری بے سود بھارتی کوشش ہے؛ پاکستانی سفیر شفقت علی خان

14

ماسکو، 05 اگست (اے پی پی ):پاکستان کے روس میں متعین سفیر شفقت علی خان نے 5اگست 2019کے کشمیر میں  یک طرفہ اور غیر قانونی بھارتی اقدامات کو آخری بے سود حربہ قرار دیا ہے جس سے بھارت کشمیر یوں کی حریت کو دبانا چاہتا ہے۔

پاکستان کے سفیر  نے یوم استقلال کے حوالے سے پاکستان کے سفارتخانہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے خلاف بھارت کی سترسال سے زائد مسلسل ظالمانہ کارروائیوں کے باوجود 5اگست کے اقدامات بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مزید عیاں کرتے ہیں، یہ اقدامات اس  امر کا بھی مظہر ہیں کہ ہندوستان کشمیریوں کو دبانے یا ان کو منانے میں پوری طرح ناکام ہو چکا ہے۔

سفیر شفقت علی خان نے کہا کہ ہمارے کشمیری بھائیوں نے اپنے حق  کیلئے  جدوجہد کا کھٹن راستہ چنا ہے جس میں پاکستانی انکے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی سطح  پر مدد کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی کمیونٹی ماسکو میں اس امر کی تجدید کی کیلئے  اکھٹی ہوئی کہ کہ ہم کشمیریوں کے اس جدو جہد کو خراج عقیدت پیش کریں اور ہندوستان کے یک طرفہ اور غیر قانونی 5اگست کے اقدامات کی مذمت کرتے  ہیں ۔

اس موقع پر روس میں مقیم مشہور کشمیری اشتقاق احمد حمدانی نے بھی شرکاء سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے او آئی سی سے کشمیر کے معاملے پر اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے پاکستانی قوم اور حکومت کا کشمیریوں کا بھر پور ساتھ دینے پر بھی شکریہ ادا کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔اس موقع پر پاکستان کا قومی ترانہ اور کشمیر کا ترانہ بھی بجایا گیا ۔ جبکہ  صدر پاکستان عارف علوی اوروزیر اعظم محمد شہباز شریف کے یوم استقلال کے حوالے سے خصوصی پیغامات ڈپٹی ہیڈ آف مشن رانا ثمر جاوید اور سیکنڈ سیکٹری محمد طیب نے پڑھے ۔تقریب میں روس میں مقیم پاکستانیوں سفارتی عملے اور افسران نے شرکت کی ۔