اسلام آباد،22اگست (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے پرکشش مقام ہے، آئی ٹی، توانائی، زراعت، صنعتوں اور ای کامرس کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں فن فنڈ، فن لینڈ کی انویسٹمنٹ منیجر اولا مائیجا رانٹاپوسکا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے فن لینڈ کے لئے پاکستان کے اعزازی قونصل جنرل ولی ایرولا کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور فن لینڈ کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر مبنی دیرینہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ موجودہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی، توانائی، زراعت، صنعتوں اور ای کامرس کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
اولا مائیجا رانٹاپوسکا نے وزیر اعظم کو فن فنڈ کی پاکستان میں قابل تجدید توانائی، پائیدار زراعت، مالیاتی اداروں اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فن فنڈ پہلے ہی ٹی پی ایل انشورنس لمیٹڈ، پاکستان میں 17.59 فیصد شیئر ہولڈنگ کی 3 ملین امریکی ڈالر کی ایکویٹی سرمایہ کاری کر چکا ہے۔
وزیراعظم نے فن فنڈ کی تجاویز کو سراہا اور یقین دلایا کہ حکومت مشترکہ منصوبوں میں فن فنڈ کو سہولت فراہم کرے گی۔