پاکپتن؛ ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ کی زیر قیادت ڈینگی واک کا انعقاد، شہریوں میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے

8

 پاکپتن،23 اگست  (اے پی پی ):میونسپل کمیٹی  کے زیر اہتمام ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ کی زیر قیادت ڈینگی واک کا انعقاد کیا  گیا، واک  میں اے سی کوارڈ سرمد حسین، سی او ایم سی ملک جاوید اسلم، پی ایس او ٹو ڈی سی شفیق شاہین، سول سو سائٹی کے ممبران اور شہریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے کہا کہ  ڈینگی وائرس کے تدراک کی کاوشیں معاشرہ کے اجتماعی مفاد کیلئے ہیں، ڈینگی وائرس کے تدراک کی کاوشوں کو ثمر آور بنانا ہے ،مون سون کی غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر ڈینگی وائرس کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ   زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ انسداد ڈینگی مہم میں شامل ہوں، ضلعی انتظامیہ انسداد ڈینگی مہم کو ثمر آور بنانے کیلئے کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کرے گی۔

سید آصف حسین شاہ نےکہا کہ   ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں، ڈینگی سے بچاؤ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے ڈینگی سے بچاؤ کے سلسلہ میں شہریوں میں پمفلٹس تقسیم کیے اورانسداد ڈینگی واک کے اختتام پر دعا بھی کی گئی۔