اسلام آباد،30 اگست(اے پی پی): پاک فضائیہ نے بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری ریلیف اور بحالی کے آپریشن کے علاوہ صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی ریسکیو آپریشنز کو وسعت دے دی ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق خیبر پختونخوا کے گاؤں خیشکی اور نوشہرہ کلاں سے 800 افراد کو ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا اور رسالپور کے فیلڈ کیمپوں میں 1400 افراد کو رکھا گیا ہے جہاں انہیں مفت طبی علاج، کھانا اور رہائش فراہم کی جا رہی ہے۔ وادی نلتر میں پاک فضائیہ کی جانب سے مفت راشن اور طبی امدادی کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں۔ ائیر مارشل حامد راشد رندھاوا ڈپٹی چیف آف ائیر سٹاف (ایڈمنسٹریشن) اور ائیر وائس مارشل معید خان ڈائریکٹر جنرل ائیر آپریشنز نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا۔ دونوں ایئر آفیسرز نے پی اے ایف کے اہلکاروں کی طرف سے سیلاب سے بچاؤ اور بحالی کی سرگرمیوں کا معائنہ کرنے کے لیے فیلڈ کیمپس کا بھی دورہ کیا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 13960 پکے ہوئے فوڈ پیکٹ، 924 راشن پیک، جن میں بنیادی اشیائے خوردونوش اور اجناس شامل تھیں، ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کیے گئے۔ مزید برآں، پی اے ایف کے فیلڈ ہسپتالوں میں میڈیکل ٹیموں نے 804 مریضوں کو مفت علاج اور ادویات کی سہولیات فراہم کیں۔ پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔