مظفرگڑھ،23 اگست(اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ احمد نواز شاہ کی دفتر پولیس میں میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ تعارفی میٹنگ، پولیس ترجمان کے مطابق نئے تعینات ہونے والے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ احمد نواز شاہ نے دفتر پولیس میں میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ تعارفی میٹنگ کی جس میں الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا اور نیشنل و لوکل اخبارات کے نمائندے اور سینئر صحافیوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ نے کہا کہ وہ میرٹ اور انصاف کی بالا دستی پر یقین رکھتے ہیں، ضلع سے جرائم کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، تمام افسران کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ شہریوں کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے اور کسی شہری کے جائز کام میں رکاوٹ نہ بنیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کے قیام کےلئے میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ڈی پی او مظفرگڑھ احمد نواز شاہ نے میڈیا اور پولیس کے درمیان مثالی ورکنگ ریلیشن شپ کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں نے ڈی پی او مظفرگڑھ کا ضلع میں خیر مقدم کیا اور انہیں یقین دلایا کہ ضلع سے جرائم کے خاتمہ اور شہریوں کو انصاف کی فراہمی کے لئے میڈیا اپنا بھر پور کردار ادا کرتا رہے گا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ احمد نواز شاہ نے میڈیا نمائندوں کی نشاندہی پر یادگار چوک پر ٹریفک جام کے مسئلہ کو فوری حل کرنے کے لیے ڈی ایس پی ٹریفک کو احکامات جاری کیے۔