ریاض ، 14 اگست (اے پی پی ): یوم پاکستان کے موقع پر سعودی عرب کے پاکستانی سفارت خانہ میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سفیر پاکستان امیر خرم راٹھور نے قومی ترانے کی دھن میں پرچم کشائی کی جبکہ فوجی جوانوں نے سلامی پیش کی۔ سفارت خانہ پاکستان کے چانسری ہال میں منعقدہ تقریب سے سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ آج کا دن پاکستانی قوم کے لئے بھرپور خوشیاں بھرا دن ہے ،ہمارے قیام کے 75 سال پورے ہوچکے ہیں، قیام پاکستان کے بعد پاکستان نے ترقی کا شاندار سفر کا آغاز کیا جو جاری ہے اور ہمیں ملکر یہ عہد کرنا ہوگا کہ پوری قوم ملکر پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
تقریب میں صدر پاکستان، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے جبکہ چودہ اگست یوم آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔اس موقع پر تینوں مسلح افواج کے فوجی افسران سمیت کمیونٹی ممبران کے مردوخواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔