بلوچستان میں سیلاب اور بارشوں سے معطل ریلوے روٹس کی بحالی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں؛ وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق

7

کوئٹہ، 16 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حالیہ سیلاب اور بارشوں سے ریلوے کو بہت زیادہ نقصان ہوا ہے ،  معطل ریلوے روٹس کی بحالی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

جمعہ کو یہاں ک کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ڈیرہ اللہ یار سے جیکب آباد تک گیارہ کلومیٹرز ریلوے ٹریک پانی میں ڈوبا ہوا ہے، کوئٹہ تفتان ریل ٹریک 104 مقامات سے متاثر ہے، تفتان ٹریک 30 ستمبر تک بحال کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ  بارش اور سیلاب سے ریلوے نیٹ ورک بری طرح متاثر ہوا ہے، متاثرہ علاقوں میں سیلاب اور بارشوں سے جمع ہونے والا پانی جیسے ہی کم ہوا، مرمت کا کام شروع کردیا جائے گا۔ ایف سی، این ایل سی اور آرمی کے تعاون سے متاثرہ ریلوے پٹری کی بحالی میں مصروف ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن ترجیح ہے، گوادر میں بھی ریلوے آفس قائم کیا جارہا ہے۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ  پانچ روز سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلوے نظام کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں، تاریخ میں پاکستان ریلوے کو کبھی اس قدر نقصان کا سامنا نہیں ہوا  تاہم پرعزم ہیں کہ دن رات ایک کرکے ریلوے سروس کو بحال کرکے عوامی مشکلات کا ازالہ کریں گے۔