حضور نبی اکرم  ﷺ کی ولادت سے بڑھ کر کوئی اور خوشی نہیں:رانا نفیس حسین قادری

15

لاہور22ستمبر( اے پی پی): تحریک منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں صدر لاہور رانا نفیس حسین قادری کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں مشعل بردار جلوسوں کے شیڈول اور روٹس کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ لاہور کے تمام ٹاؤنز اور یونین کونسلز سے استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے۔ان جلوسوں میں تحریک منہاج القرآن،منہاج القرآن علما کونسل،منہاج یوتھ لیگ،مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ،پاکستان عوامی تحریک اور دیگر فورمز کے مرکزی،صوبائی و ضلعی رہنما اور کارکنان شرکت کریں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مشعل بردار جلوسوں میں عوام الناس،تاجربرادری،مزدور،کسان،وکلا،طلبا، سیاسی،سماجی اور مذہبی رہنماؤں کو بھی شرکت کی دعوت دی جائیگی۔اجلاس میں منہاج القرآن لاہور کے ناظم میاں ممتاز حسین،سینئر نائب صدر پروفیسر ذوالفقار علی،حاجی امجد،کیپٹن(ر) عبد المجید،رانا عتیق الرحمان،حافظ صفدر علی،اصغر ساجد،طارق الطاف،میاں حنیف،شہباز بھٹی و دیگر رہنما شریک تھے۔اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ27 ستمبر کومغل پورہ چوک سے شالیمار چوک تک،28ستمبر کو مناواں اور رائیونڈ سے،29ستمبر کو باغبانپورہ سے،یکم اکتوبر کو کوٹ خواجہ سعید سے،2اکتوبر کو داروغہ والا سے عظیم الشان مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے۔مشعل بردار جلوسوں کی قیادت تحریک منہاج القرآن کے مرکزی رہنما کریں گے۔چونگی امر سدھو،ملتان روڈ،سمن آباد،شاہدرہ،ماڈل ٹاؤن،ٹاؤن شپ سے بھی مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے اور محافل میلاد النبی ﷺ کا اہتمام کیا جائے گا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا نفیس حسین قادری نے کہا کہ منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے اور ضیافت میلاد کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ مینار پاکستان پر 39ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئیں ہیں۔عالمی میلاد کانفرنس میں لاہور سے لاکھوں لو گ شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ محسن انسا نیت حضور نبی اکرم  ﷺ کی ولادت سے بڑھ کر کوئی اور خوشی نہیں۔