ریاست کے تحفظ کیلئے ہم کسی قربانی سے دریخ نہیں کریں گے،وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف

23

اسلام آباد۔23ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ    ریاست کے تحفظ کیلئے ہم کسی قربانی سے دریخ نہیں کریں گے،اگرریاست  کو کوئی نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو   ہم خاموش تماشائی بن کر نہیں بیٹھیں گے،ہم نے کبھی اداروں کو دبائو میں لانے کی کوشش نہیں کی نہ ایسا کبھی ہوگا۔ جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ   انصاف کسی کا چہرہ، طاقت یا کمزوری نہیں دیکھتا، سب سے یکساں سلوک کا حامل ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کبھی نہیں چاہئیں  گے کہ کسی کے ساتھ ایسا سلوک ہو جو ماضی میں ہمارے ساتھ ہوتا  رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چیزیں نیوٹرل ہوگئی ہیں تو نظربھی آنی چاہئیں، قوم آئین وقانون کی بالادستی اور انصاف کی حکمرانی  دیکھنا چاہتی ہے، ہم نے کبھی اداروں کو دبائو میں لانے کی کوشش نہیں کی نہ ایسا کبھی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو یہ نہیں کہتے کہ وہ غدار ہے یا غیرملکی ایجنڈے پر ہے مگر یہ سب پرواضح ہے کہ 2017 کا چلتا ، پھلتا اورپھولتا پاکستان آج کن حالات تک پہنچ گیا ہے۔   انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان تو کٹ پتلی ہے  جس کی اپنی   کوئی مرضی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک میں فتنہ وفساد اوربدامنی پھیلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ   اگر ریاست میں بدامنی  اورتباہی لانے کی کوشش کی گئی   تو ہم خاموش تماشائی بن کرنہیں بیٹھیں گے ، ہم نے پہلے بھی قربانیاں دی ہیں اورہمارے لیڈر نے تو سب سے پہلے قربانی دے کر ہمیں آئین اور قانون کا راستہ دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  شیخ رشید اورفواد چوہدری باربار نومبرمیں ہونے والی تقرری کی باتیں کرکے فتنہ وفساد پھیلانا چاہتے ہیں،ہم فتنہ و فساد برپا کرنے نہیں دیں گے ، ہم نے ملک کو آگے لے کر جانا ہے، ریاست کے ساتھ کسی قسم کا کھلواڑ برداشت نہیں کریں گے ۔