سعودی عرب کا 92 قومی دن؛ پاکستان قومی یکجہتی فورم کے پلیٹ فارم سے رنگا رنگ تقریب منعقد،سعودی عوام کو مبارکباد پیش

5

جدہ، 23ستمبر(اے پی پی):سعودی عرب کے 92 قومی دن پر سعودی عرب کے دیگر شہروں کی طرح  جدہ میں بھی یوم الوطنی کی تقاریب کا سلسلہ جاری ہے، سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی  بھی بھرپور انداز میں  یوم الوطنی منارہے ہیں، اسی حوالے پاکستان قومی یکجہتی فورم کے پلیٹ فارم سے رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں سیاسی وسماجی شخصیات کے علاوہ  جدہ پاکستان قونصل خانے سے بھی قونصل جنرل خالد مجید ،او ائی سی میں پاکستان کے سفیر رضوان شیخ اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

تقریب کے مہمانوں کو چوہدری شفقت نے استقبالیہ پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان کے سیلاب زدگان کی بھر پور امداد کا شکریہ ادا کیا جبکہ مہمان خصوصی سعودی افواج کے ریٹائرڈ بریگیڈیر کاملی اور ریٹائرڈ جنرل حسن کاملی نے پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط تعلقات کا ذکر کیا۔

قونصل جنرل خالد مجید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک سعودی دوستی لازوال ہے،سعودی عرب پاکستان کی ہر مشکل میں اس کے شانہ  بشانہ کھڑا رہا ہے۔انہوں نے سعودی عرب کے 92 یوم وطنی پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز،ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو بھرپور مبارک باد پیش  کی اور کہا کہ یہ سعودی عرب کا ہی نہیں پاکستانیوں کا بھی دن ہے۔

 تقریب میں سعودی فنکاروں  نے سعودی روایتی رقص پیش کیا انکے ہمراہ قونصل جنرل خالد مجید اور سفیر رضوان سعید شیخ اور دیگر مہمانوں نے بھی رقص کیا ،تقریب او آئی سی میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید کو تعریفی شیلڈ پیش کی گئی ۔