سکھر: ربیع الاول کے دوران پروگراموں کے انتظامات کے سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس

28

خیرپور۔29(اے پی پی):ربیع الاول کے دوران پروگراموں کے انتظامات کے سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس ڈی سی آفس کے دربار ہال میں چیئرمین ڈپٹی کمشنر شرجیل نور کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس ایس پی میر روحل خان کھوسو، رینجرز کے ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل محمد عمر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ظفر عباس عباسی، اسسٹنٹ کمشنر صفدر میرانی، رٹائرڈ ڈی ایس پی اقبال حسین ملک، انچارج ڈی آئی بی علی گل ملاح، اسسٹنٹ کمشنرز، انجمن تاجران، اقلیتوں، وکلاء، شیعہ سنی، دیوبندی، بریلوی مسالک کے عمائدین، میونسپل کمیٹی، پبلک ہیلتھ، صحت، روڈز، او ر ضلعی امن کمیٹی کے تمام اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ گزشتہ سال کی طرح امسال بھی امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام مکتبہ فکر سمیت شہری ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شرجیل نور نے کہا کہ ربیع الاول رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے جس میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، رواداری، برداشت کے فروغ میں ہر شخص عملی طور پر مظاہرہ کرے ہم سب کو رحمت العالمین ؐ  کی سیرت اور فکر پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ ایس ایس پی میر روحل خان کھوسو نے کہا کہ خیرپور میں قائم امن کمیٹی کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے اور امن و امان کے لیے جس طرح اس ضلع میں تمام مکتبہ فکر کے علماء اور اکابرین ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہیں اس کی مثال نہیں ملتی، انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کے مہینے میں تمام شہری بھرپور تعاون کریں اور امن و امان بحال رکھنے میں ہر اول دستہ ثابت ہوں۔ رینجرز کے کرنل محمد عمر نے کہا کہ پاکستان رینجرز ہر سطح پر پروگراموں کے حفاظتی اقدامات میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ اجلاس میں ڈی ایس پی ریٹائرڈ اقبال حسین ملک نے امن کمیٹی کے اغراض و مقاصد سمیت دیگر مختلف معاملات کو بہتر انداز سے حل کرنے اور تمام مکتبہ فکر کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر تفصیل سے بریفنگ دی۔