ملتان ؛ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا نیا صفائی پلان جاری،خصوصی اسکواڈ ہر ہفتےچار یونین کونسلوں میں صفائی کرے گا

2

ملتان ،23 ستمبر(اے پی پی ):ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے شہر کی صفائی کے لئے نئی حکمت عملی تیار کرلی ہے جس کے تحت اب کمپنی کا خصوصی صفائی اسکواڈ ہر ہفتےچار یونین کونسلوں میں صفائی آپریشن سرانجام دے گا۔

سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمدفاروق ڈوگر نے صفائی پلان  کے بارے میں  بتایا کہ ماضی میں سپیشل صفائی اسکواڈ کو شہر کی داخلی شاہراہوں کی صفائی کا ٹاسک سونپا گیا تھا جبکہ اب شہر کی گلیوں محلوں میں مثالی صفائی کے لئے حکمت عملی تبدیل کردی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسپیشل صفائی اسکواڈ اب ہفتے میں صرف دو دن شہر کی داخلی  شاہراہوں کی صفائی کرے گا جبکہ ہر ہفتے چار یونین کونسلوں کو زیرو ویسٹ کرے گا۔

محمدفاروق ڈوگر نے بتایا کہ افرادی قوت اور انفراسٹرکچر کی کمی کی وجہ سے بیک لاگ پید ہوجاتا ہے اور اس بیک لاگ کی وجہ سے کوڑے کے ڈھیر سپیشل صفائی آپریشن کے ذریعے اٹھائے جاتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ نئی حکمت عملی سے شہر کی خوبصورتی اور صفائی میں اضافہ ہوگا جبکہ ہر یونین کونسل میں تعینات کمپنی ورکرز معمول کا صفائی آپریشن بھی جاری رکھیں گے۔