وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے چائنہ تھری گورجز کے وفد کی ملاقات، فلڈ ریلیف فنڈ کیلئے 6 لاکھ 50 ہزار ڈالر کا چیک پیش کیا

24

اسلام آباد۔29ستمبر  (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے چائنہ تھری گورجز کے وفد نے ملاقات  کی اور وزیراعظم کو فلڈ ریلیف فنڈ کیلئے 6 لاکھ 50 ہزار ڈالر کا چیک پیش کیا۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وفد کی قیادت پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ کر رہے تھے۔ چیئرمین چائنہ تھری گورجز ووشینگ لیان نے وزیر اعظم کو فلڈ ریلیف فنڈ کے لئے چیک پیش کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم کو بتایا کہ چائنہ تھری گورجز کے تحت کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پچھلے تین ماہ سے پوری استعداد پر چل رہا ہے۔ کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ  سی پیک فریم ورک کےتحت لگایا جانے والا پن بجلی کا اہم منصوبہ ہے جس کے تحت  720 میگاواٹ ماحول دوست اور کم لاگت بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ وزیر اعظم نے سیلاب  متاثرین کی مدد اور بحالی کے لئے بھرپور مالی مدد فراہم کرنے پر چین کے  صدر شی جن پنگ، چینی کمپنیوں اور چین کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم نے چائنہ تھری گورجز کو کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی ترجیحی بنیاد پر تکمیل اور اس منصوبے کو مکمل طور پر فعال کرنے کے اقدام کی تعریف کی اور پاکستان میں ماحول دوست و کم لاگت پن بجلی کی فراہمی پر ان کی کاوشوں کو سراہا۔