وفاقی وزیر داخلہ سے عراقی سفیر حامدعباس لفطاہ کی ملاقات، زائرین کے ویزا کوٹہ میں اضافہ اوردیگر سفری سہولیات کےحوالے سے تجاویز پر تبادلہ خیال

1

اسلام آباد۔22ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ سے پاکستان میں تعینات عراقی سفیر عزت مآب حامدعباس لفطاہ نے ملاقات کی جس میں پاکستان اورعراق کے درمیان “زائرین معاہدے” کوحتمی شکل دینے کے لئےمعاہدے کی یادداشت پررواں برس دستخط کرنے پراتفاق کیا گیا۔زائرین کی سفری سہولت کیلئے کراچی اور بصرہ کے درمیان جلدفیری سروس شروع کرنے پربھی اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں عراق جانے والے پاکستانی زائرین کیلئے ویزا کوٹہ مختص کرنے کی تجویز پر بھی اتفاق ہوا۔عراق جانے والے پاکستانی زائرین کیلئے ویزا کوٹہ میں اضافہ اوردیگر سفری سہولیات کےحوالے سے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر داخلہ نے اربعین امام حسین کیلئے 60 ہزار پاکستانی زائرین کو ویزا جاری کرنے پر عراقی سفیراورحکومت کا شکریہ ادا کیاجبکہ عراق، ایران انٹری پوائنٹس پر پھنسے پانچ ہزار پاکستانی زائرین کوکربلا داخل ہونے کی خصوصی اجازت دینے پربھی شکریہ ادا کیا۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہاکہ پاکستان،عراق زائرین معاہدے پر بلاتاخیر دستخط کرنا چاہتا ہے ، ہماری طرف سے معاہدہ حتمی ہے،عراقی حکومت سے زائرین معاہدے کی جلد توثیق کی درخواست ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے لاکھوں عقیدت مند ہرسال کربلامعلے، بغداد شریف اورنجف جاتے ہیں، معاہدے سے زائرین کو  بہترین ویزا اورسفری سہولیات میسرہونے کے ساتھ ساتھ  زائرین کیلئے ویزا کوٹہ مختص ہوگااور پیشہ وارانہ ٹور آپریٹرز دستیاب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ،بصرہ اورکراچی کے درمیان فیری سروس کا آغازبھی بلا تاخیر کرنے کاخواہشمندہے، عراقی وزیر داخلہ نے میری درخواست پراربعین امام حسین کیلئے کربلا جانے والے پاکستانی زائرین کیلئے معطل ویزوں کو بحال کیا،انکا شکرگزار ہوں،پاکستانی زائرین کو ایران کے ذریعےعراق داخل ہونے کی اجازت پر بھی عراقی حکومت کا شکرگزار ہوں۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے تعلقات تاریخی ، برادرانہ اور انتہائی دیرینہ ہیں۔عراقی سفیر نے کہا کہ زائرین معاہدہ پاکستان اور عراق کے درمیان تعلقات میں وسعت اورمضبوطی لائیگا،معاہدے سے پاکستانی زائرین کیلئے بہترین ویزا سہولیات میسر ہونگی۔