وفاقی وزیر پاور انجینئر خرم دستگیر خان سے عالمی بینک کے علاقائی نائب صدر برائے جنوبی ایشیا مارٹن رائسر کی وفد کے ہمراہ ملاقات

25

اسلام آباد۔22ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر پاور انجینئر خرم دستگیر خان سے عالمی بینک کے علاقائی نائب صدر برائے جنوبی ایشیا مارٹن رائسر نے جمعرات کو وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے نائب صدر کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی غیر معمولی تباہی ، لوگوں کی معاشی بدحالی کے بارے میں آگاہ کیا۔وفاقی وزیر پاور   نے سیلاب سے متاثرہ بیشتر علاقوں میں بجلی بحالی کو وزارت توانائی اور حکومت پاکستان کی انتھک کوششوں کا صلہ قرار دیا۔وفاقی وزیر توانائی نے عالمی بینک کو یقین دلایا کہ موجودہ حکومت توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور مسائل کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ ریکوری کو بڑھانے کے لئے پرعزم ہے۔مارٹن رائسر نے تباہ کن سیلاب پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے دورے کا مقصد زمینی حقائق کو جاننا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی بینک کا پاکستان میں بہت بڑی سرمایہ کاری ہے۔ عالمی بینک موجودہ اور نئے منصوبوں کے ذریعے سیلاب سے متعلق 1.7 بلین ڈالر تک کی امداد فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ یہ سماجی تحفظ کے پروگراموں کو مضبوط بنانے، بحالی میں مدد کے لیے نئے ہنگامی آپریشن، طویل مدتی اہلیت کی کوششوں کی شکل میں ہو سکتا ہے۔نائب صدر نے کہاکہ پاکستان میں عالمی بینک کا سب سے بڑا انرجی پورٹ فولیو ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی قابل تجدید ذرائع کی طرف پالیسی کی تبدیلی درست سمت میں قدم ہے، یہ پاکستان کے لئے اپنے توانائی کے میٹرکس کو قابل تجدید ذرائع کی طرف منتقل کرنے کا ایک بہترین موقع ہے۔ انہوں نے سیاسی قیمت سے قطع نظر ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کے سلسلے میں درست قدم اٹھانے پر وزیر کی تعریف کی کیونکہ توانائی کا شعبہ ملک کے مالیاتی استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔ورلڈ بینک کے وفد میں کنٹری ڈائریکٹر مسٹر ناجی بینہسین، آپریشنز مینیجر گیلیس جے ڈراؤگلس، پروگرام لیڈر  ٹیوٹا کاکانیکو، آئی ایف سی کے کنٹری منیجر ذیشان احمد شیخ، ایوا سوبکینسکا، معاون خصوصی برائے نائب صدر شامل تھیں۔