پشتونوں نے ماضی میں نہ کسی کی غلامی کی اور نہ آئندہ کریں گے ، اصغر خان اچکزئی

2

کوئٹہ، 23 ستمبر(اے پی پی):عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اور پارلیمانی لیڈر بلوچستان اسمبلی اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پشتونوں کی ثقافت‘زبان‘تہذیب و تمدن کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لئے ہمیں ہر قسم کی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر اتحاد و اتفاق کامظاہرہ کرنا ہوگا پشتون افغان وطن کو سازش کے تحت آگ میں دھکیلا گیا ہے مگر سامراجی قوتوں کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے پختونوں کے درمیان اتحاد و اتفاق وقت کا تقاضا ہے۔ پشتونوں نے ماضی میں نہ کسی کی غلامی قبول کی اور نہ آئندہ کریں گے پشتونوں کو اپنے ثقافت اور زبان کو زندہ رکھنے کے لئے ملکر جدوجہد کرنا ہوگا‘ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے این پی اور پشتون نیشنل نیٹ ورک کے زیر اہتمام پشتون ثقافت کے عالمی دن کے موقع پر نوری نصیر خان کلچر آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘ تقریب سے اے این پی اور پشتون نیشنل نیٹ ورک کے رہنماؤں‘سیاسی و قبائلی معتبرین نے شرکت کی‘ رنگا رنگ تقریب میں سکولوں کے طلباءو طالبات نے پشتون ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے مختلف قسم کے خاکے‘نغمے اور ثقافتی پروگرام پیش کیے‘ اصغر خان اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج ہم ایسے موقع پر پشتون ثقافت کا دن منارہے ہیں کہ پشتون افغان وطن میں ہر طرف سازش کے تحت آگ بھڑکائی ہوئی ہے پشتونوں نے ہر دور میں ہر ظالم اور جابر اور طالع آزما کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنی زبان و ثقافت کا تحفظ کیا ہمارے آکابرین نے تاریخ میں کبھی سامراج کے سامنے کمزوری کا مظاہرہ نہیں کیا بلکہ ہر دور میں اپنی تاریخ کو زندہ رکھا انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اسی ثقافت سے نوازا ہے جس میں امن‘بھائی چارہ‘انسانیت‘بھلائی‘عدم تشدد سمیت زندگی گزارنے کا ہر پہلو موجود ہیں ۔