پنجاب حکومت کا  چولستان میں 5سالہ عارضی کاشت کیلئے20 ہزار کاشتکاروں کوشفاف قرعہ اندازی کے ذریعے اراضی الاٹ کرنے کا فیصلہ

1

لاہور،16 ستمبر ( اے پی پی): وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کااجلاس ہوا ۔اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کاچولستان کے مقامی کاشتکاروں کے لئے احسن اقدام، 20ہزار مقامی کاشتکارو ں کو سرکاری اراضی دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔

 اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ  5سالہ عارضی کاشت کیلئے20 ہزار کاشتکاروں کوشفاف قرعہ اندازی کے ذریعے اراضی الاٹ ہو گی، پہلے فیز کی الاٹمنٹ کے لئے قرعہ اندازی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ذریعے ہوگی،مزید 5ہزار کاشتکاروں کو دوسرے فیز میں چولستان میں عارضی کاشت کے لئے اراضی دی جائے گی، عارضی کاشت کیلئے اراضی دینے سے علاقے میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔انہوں نے کہا کہ چولستان کے کاشتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، وسائل پر چولستان کے لوگو ں کا بھی برابر کاحق ہے، چولستان کے بے زمین کسانوں کو اراضی دینے سے ان کی قسمت بدل جائے گی۔

اجلاس میں معاون خصوصی ڈاکٹرمحمد افضل، رکن اسمبلی چودھری محمد احسن،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیوزاہد اختر زمان، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی،سابق پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی جی ایم سکندر، ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی او ر متعلقہ حکام نے شرکت کی  جبکہ  ڈپٹی کمشنر بہاولپور ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔