کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے؛ کمشنر ملتان انجینئر عامر خٹک

7

 ملتان، یکم ستمبر (اے پی پی ): کمشنر ملتان انجینئر عامر خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں صرف اس ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے اس طرح کے مقابلہ جات بہت ضروری ہیں۔کھیلوں کے فروغ کے لیے کام  اور کھلاڑیوں کے لیے بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے  قیام پاکستان کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کے زیر اہتمام ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے سلسلہ میں ملتان جمنیزیم سپورٹس کمپلیکس میں جاری آل پاکستان بیڈمنٹن چیمپئن شپ کی اختتامی  تقریب سے  خطاب میں  کیا۔

انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں صرف اس ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے اس طرح کے مقابلہ جات بہت ضروری ہیں۔کھیلوں کے فروغ کے لیے کام  اور کھلاڑیوں کے لیے بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے  اور ہم مستقبل میں بھی اس طرح کے مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات کا انعقاد کرتے رہیں گے۔

ڈویژنل سپورٹس آفیسر فاروق لطیف نے کہا کہ ڈائمنڈ جوبلی سیلیبریشن کے سلسلہ میں اس ایونٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں بیڈمنٹن کے نامور کھلاڑیوں نے شرکت کی اور شاندار کھیل پیش کیا۔

چیمپین شپ میں  مجموعی طور پر ملتان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں،انڈر 12میں فہد،مینز سنگل میں جلیس،ڈبل میں جلیس اور زین باجوہ جبکہ وومنز سنگل میں کاشمین ندیم نے کامیابی حاصل کی۔ تقریب کے آخر میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

  تقریب میں   ٹی ایس او نور خان قیصرانی،میاں محمد جہانگیر،صدر ڈسڑکٹ ملتان بیڈمنٹن ایسوسی ایشن،رائے محمد اکرم کھرل سیکرٹری ایسوسی ایشن،ڈسڑکٹ کوچ محمد انیس خان،طایر محمود،عمر فاروق،ملک اقبال،منظور احمد،جاوید،حاجی عقیل احمد،یعقوب طاہر اور یوسف نے بھی شرکت کی ۔