شجاع آباد ،12 ستمبر (اے پی پی ): اسسٹنٹ کمشنرشجاع آبادناصر شہزاد ڈوگر نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت، انسانی معراج ہے، رفاہی خدمات کے ذریعے رضائے الٰہی اور انسانوں کی محبت حاصل کی جاسکتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنرشجاع آبادناصر شہزاد ڈوگر نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سکندر آباد میں آر او پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ملتان طاہر وٹو صاحب کی خصوصی دلچسپی اور تحصیل انتظامیہ کی خصوصی کاوشوں سے سکندرآباد،راجہ رام اور جلالپور کھاکھی میں آر او پلانٹس نصب کرائے گے ہیں۔ ان علاقہ جات میں صاف پانی کی اشد ضرورت ہے۔
افتتاحی تقریب میں مزید ان کا کہنا تھا کہ پانی پلانا افضل صدقہ ہے، ایک بڑا خطہ زیر زمین میٹھے پانی سے محروم ہو کر نہری پانی استعمال کر رہا ہے،کوشش ہے ہر یونین کونسلز میں آر او پلانٹس نصب کرائیں۔ آر او پلانٹ کی تنصیب سے ارد گرد و نواح کی بڑی آبادی استفادہ حاصل کرے گی۔ اس موقع پر رانا جاوید اقبال راؤ خالد محمود رانا کوثر راؤ محمد اکرم کا آر او پلانٹ کی تنصیب پر اسسٹنٹ کمشنر ناصر شہزاد ڈوگر کا شکریہ ادا کیا۔