اٹک،19 ستمبر ( اے پی پی ): ایم پی اے کرنل(ر) ملک انور خان اور ایم پی اے ملک جمشید الطاف نے ریسکیو 1122 تحصیل پنڈیگھیب سٹیشن اور ایمبولینسز کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک جمشید الطاف اور ملک انور خان نے کہا کہ حکومت پنجاب صرف عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ علاقے میں ریسکیو کے دفتر کا قیام کا دیرینہ مطالبہ آج پورا کر دیا گیا ہے ،ریسکیو 1122اٹک کی مثالی خدمات پر پوری ٹیم کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 اسٹیشن کے قیام سے مریضوں اور مختلف حادثات و ناگہانی آفات کے شکار ہونے والے افراد کو بروقت طبی امداد فراہم کر کے ان کی قیمتی جانیں بچائی جا سکیں گی،ریسکیو آفس پنڈیگھیب میں 2 نئی جدید آلات کی ایمبولینسز اور ایک فائر وہیکل چوبیس گھنٹے موجودرہے گی جس سے علاقے کی عوام کو فائدہ حاصل ہوگا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر علی حسین نے تقریب کے شرکاء کو ریسکیو سروسز کے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو آفس کے قیام سے پنڈیگھیب اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ریسکیو 1122 کی سروس انتہائی قلیل وقت میں میسر ہو گی۔انہوں نے عوام الناس کو حادثات کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایات دیں ۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر اٹک حسن وقار چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر پنڈیگھیب اعجاز عبدالکریم ،ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر لقمان، ، ملک باسط ، معززین علاقہ اور ریسکیو اہلکاروں نے شرکت کی ۔