سعودی عرب نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے قومی مہم کا آغاز کردیا

12

ریاض ، 12 ستمبر(اے پی پی ):سعودی عرب نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لئے قومی مہم کا آغاز کردیا ہے ۔ خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر کے سپروائزر عبداللہ الربیعہ نے اس حوالے  سے   کہا ہے کہ ہم پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کے لیے سعودی مہم کا آغاز کررہے ہیں۔انہوں  نے زور دیا کہ یہ مہم انسانی نقصان کی امداد  کیلئے   مملکت کی انسانی ہمدردی کی کوششوں اور امداد کی حمایت کرتی ہے۔

 الربیعہ نے مخیر حضرات اور خیراتی کام کرنے والے لوگوں سے مطالبہ کیا کہ وہ “سہیم” پلیٹ فارم کے ذریعے، الیکٹرانک ایپلی کیشنز کے ذریعے یا مختلف سعودی بینکوں میں سینٹر کے اکاؤنٹس کے ذریعے پاکستانی عوام کی مدد کے لیے عطیات دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مرکز بیرون ملک ہدایت کردہ عطیات جمع کرنے کا مجاز ادارہ ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مرکز کی طرف سے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے سخت نگرانی کی جاتی ہے کہ یہ امداد دنیا کے ممالک میں اس کے مستحقین تک پہنچ جائے۔

سعودی عرب  میں پاکستان کے سفیر امیرخرم راٹھور نے  پاکستان میں   سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں  بتایا کہ  سیلاب سے 43 ملین افراد متاثر ہوئے اور 20 لاکھ گھر تباہ ہوئے ہیں ۔انہوں نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کا پاکستانی عوام کی حمایت کے اقدام پر شکریہ ادا کیا ہے ۔