اسلام آباد،9ستمبر (اے پی پی): وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جمعہ کو یہاں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خظاب میں کہا ہے کہ سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں ،سیلاب متاثرین کے ریلیف کے لئے ہر ممکن اقدام کئے جارہے ہیں، سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی امداد درکار ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا دورہ پاکستان ہمارے لئے باعث افتخار ہے، پاکستان کو سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی کا سامنا ہے، سیلاب نے گلگت بلتستان، خیر پختونخوا، جنوبی پنجاب، بلوچستان اور سندھ میں شدید تباہی پھیلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں انتونیو گوتریس کے دورہ پاکستان پر مشکور ہیں، سیلاب کے باعث بچوں اور خواتین سمیت 1300 افراد جانبحق ہوئے، سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کا پھیلائو بڑا چیلنج ہے۔