سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ریلیف آپریشن، پاک فضائیہ کیجانب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 18310 کھانے کے پیکٹ تقسیم

30

اسلام آباد،23ستمبر(اے پی پی ): پاک فضائیہ کی جانب سے خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں طبی امداد، ریلیف اور بحالی کی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کے قائم کردہ میڈیکل کیمپس اور موبائل میڈیکل ٹیمیں سیلاب زدگان کو ضروری طبی امداد فراہم کر رہی ہیں جبکہ  پاک فضائیہ کے میڈیکل لیب کلیکشن پوائنٹس بھی سیلاب متاثرین میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی تشخیص کے لیے سرگرم عمل ہیں۔

پاک فضائیہ کے اہلکاروں نے سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے مقامی لوگوں کو ریسکیو کیا اور انہیں ٹرانسپورٹ فلیٹ، ہیلی کاپٹروں اور کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ پاک فضائیہ کے اہلکاروں نے متاثرہ افراد میں خشک راشن، پکا ہوا کھانا، پینے کا صاف پانی اور دیگر گھریلو استعمال کی اشیاء تقسیم کیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک فضائیہ نے 18310 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ، 650 پانی کی بوتلیں اور 1472 خشک راشن کے پیکٹ ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کیئے۔ مزید براں مفت خوراک اور رہائش کی فراہمی کے علاوہ پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیموں نے2777 مریضوں کا طبی معائنہ بھی کیا۔

پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں راجن پور، مٹیاری، تلہار، مچی، بولانی، لاشاری، نورواہ، مچکا، گھارو، جاتی، کوڈاریو، حاجی پور، چوہڑ جمالی، سائیں داد، بالو، جھل مگسی، بستی شیر محمد، لاکھڑا، سعید آباد، شہدادکوٹ، صحبت پور، بستی جاگیر گبول، فاضل پور، اللہ ورائیو جمالی، نصیر آباد، جیکب آباد، کھیاروی، سندھڑی، سانگھڑ، گوٹھ اسماعیل، کمہار،  یوثی سرگل، پھلواری، دادو، پگھادار شاہ، میاں پوٹا، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ٹھل، سیہون، نواب شاہ، سکرنڈ، عیسیٰ بھٹی، سکھر، پیر پٹھو، اٹھل، حیدرآباد، میرپور خاص، نواکلی، گلستان کلی صالح اور کلی حبیب زئی کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔