اسلام آباد،14ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ عمران خان حالات کو دیکھ کر این آراو مانگ رہا ہے، یہ شخص ملک میں فتنہ و فساد پیدا کرنا چاہتا ہے اسے لگام نہ دی گئی تو شدید عوامی رد عمل آ سکتاہے نواز شریف کی وطن واپسی پر پاکستانی قوم جس طرح ان کے استقبال کے لئے جائے گی، ان میں سے کسی کو بھی چھپنے کے لئے جگہ نہیں ملے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان مذہب کو سیاست کے لئے استعمال کرر ہے ہیں۔ کوئی خود کو دیندار کہے اور دین کے ساتھ کھلواڑ کرے یہ مناسب نہیں ہے۔ گزشتہ کچھ عرصہ سے وہ جس طرح کے بیانات دے رہے ہیں ، ان کی گفتگو میں فتنہ اور فساد کے الفاظ بڑھتے جار ہے ہیں۔ ان کے بیانات سے صاف ظاہر ہے کہ ملک کو دین سے دور کرکے سیکولر ازم کی طرف لے کر جانا چا ہتے ہیں حالانکہ پاکستان اس لئے نہیں بنا تھااورلوگوں نے قیام پاکستان کے لئے قربانیاں اس لئے نہیں دی تھیں۔
عمران خان کی مذاکرات کے حوالے سے آمادگی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان حالات کو دیکھ کر اداروں اور اپنے غیر ملکی آقاؤں سے این آراو مانگنے کی کوشش کررہا ہے۔