مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے گی؛ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

10

سکھر، یکم ستمبر (اے پی پی ): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مشکل کی  اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ملک میں سیلاب زدگان کی بحالی  کیلئے امدادی سرگرمیوں میں مزید  تیزی لائی جائے گی۔

ان خیالات کا  اظہار صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے   جمعرات کو  یہاں   برسات و سیلاب متاثرہ  علاقوں کا جائزہ لینے کے  بعد میڈیا  سے گفتگو میں  کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ابھی ڈی جی خان، ڈیرہ مراد جمالی اور سکھر کے سیلاب زدہ علاقوں کو دیکھتا آیا ہوں، سیلاب نے بڑے پیمانے پر انسانوں، کھیتوں و املاک کو  متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا مشکل کی  اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ملک میں سیلاب زدگان کی بحالی  کیلئے امدادی سرگرمیوں میں مزید  تیزی لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ  مجھے خوشی ہے کہ پاک آرمی، ايئرفورس سميت وفاقی حکومت، صوبائی  حکومتیں اور این جی اوز سیلاب زدگان کی جلد بحالی  کیلئے  ملکر کوشاں ہیں، جہاں سو فیصد حکومت کام کرتے نظر آتی ہے وہاں سو فیصد این جی اوز بھی سرگرم ہیں۔

 صدر پاکستان نے کہا کہ   گھروں کی دوبارہ تعمیر  اور نقصان کے جلد ازالے کی  ضرورت ہے ، اس کے ساتھ سیلاب متاثرین کو راشن پیکجز کی بھی اشد ضرورت ہے، اس لیے مخیر حضرات عطیات دیں، حکومت فنڈ جمع کر رہی ہے، امید ہے قوم بڑھ چڑھ کر حصہ لیگی۔

صدر مملکت  عارف علوی  نے مزید کہا موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ  سے غیر متوقع بارشوں، سیلاب اور قحط کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، گھروں، مویشیوں اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اللہ پاک سے دعا مانگتے ہیں کہ ان مشکل حالات سے نکالے اور قوم سے اپیل کرتا ہوں باہر نکل کر متاثرہ لوگوں کی مدد کریں۔