ملتان، جنوبی پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر پیش رفت بارے جائزہ اجلاس منعقد

1

ملتان، 22 ستمبر ( اےپی پی):جنوبی پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر پیش رفت بارے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کے آفس میں ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں جنوبی پنجاب کے تمام ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز اور ایڈیشنل سیکرٹریز نے  شرکت کی۔

چئیرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عبداللہ سنبل لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب میں زراعت کے شعبے میں49، فشریز کے 9، جنگلات16،وائلڈ لائف5، ہائرایجوکیشن51 اور محکمہ انہار کے55 منصوبوں پرکام جاری ہے۔اسی طرح لوکل گورنمنٹ 263، لائیوسٹاک21، پی اینڈ ڈی کے69 منصوبے تکمیل کی طرف گامزن ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ صحت 171،پبلک بلڈنگز188 اور روڈز کے 503،سکول ایجوکیشن 39،اربن ڈویلپمنٹ85 اور واٹر سپلائی اور سینی ٹیشن کے174 منصوبوں پر کام جاری ہے۔چئیرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عبداللہ سنبل نے منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت

کی اور کہا کہ منصوبوں پر فنڈز خرچ کرنے کی شرح بارے ہر ماہانہ رپورٹ ارسال کی جائے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے افسران کی کارکردگی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے لنک کردی ہے اس لئے ترقیاتی منصوبوں کی بھرپور مانیٹرنگ کی جائے۔

عبداللہ سنبل نے کہا کہ آئندہ  محکمہ پی اینڈ ڈی ہر پندرہ دن بعد ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت چیک کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی معینہ مدت میں تکمیل حکومت پنجاب کا ٹارگٹ ہے۔چئیرمین پی اینڈ ڈی نے منصوبوں پر فنڈز خرچ کرنے کی شرح پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس میں ملتان سے سیکرٹری بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری جنگلات  اور  سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب نے  شرکت کی۔ سیکرٹری سروسز، لائیوسٹاک اور لوکل گورنمنٹ ویڈیولنک کے ذریعے بہاولپور سیکرٹریٹ سے جلاس میں شریک ہوئے۔محکمہ تعلیم،انہار، ہاوسنگ کے ایڈیشنل سیکرٹریز بھی اجلاس میں موجود تھے۔