ملتان؛ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کیلئے قبرستانوں کی صفائی شروع

9

ملتان، 22 ستمبر(اے پی پی):  شہر اولیاء میں ڈینگی پھیلنے کےخدشے کے پیش نظر ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کے لئے متحرک ہوگئی ہے۔

 کمپنی کے  سی ای او محمدفاروق ڈوگر کی ہدایت پر قبرستانوں کی صفائی کے لئے خصوصی آپریشن لانچ کردیا گیا ہے، شہر کے تمام قبرستانوں سےکوڑا، گھاس اور کباڑ کی صفائی شروع کردی گئی ۔اس کے علاوہ قبرستانوں میں پرندوں کے لئے رکھے گئے پانی کے برتنوں کو بھی واش کیا جارہا ہے۔

اس حوالے سے سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے بتایا کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی ڈینگی سرویلنس میں بھرپور کردار ادا کررہی ہے ، شہر کے تمام قبرستانوں کی مرحلہ وار صفائی شروع کردی گئی ہے جبکہ ڈینگی کی افزائش کا سبب بننے والے ویسٹ کو اٹھایا  جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمہ کے لئے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

محمدفاروق ڈوگر نے اپیل کی ہے کہ شہری گلیوں، مارکیٹوں اور سڑکوں میں پانی چھوڑنے سے احتراز کریں کیونکہ گیلی سطح زمین ڈینگی لاروا کی افزائش کا سبب بن سکتی ہے۔