ملتان، 19 ستمبر (اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آٹے کی بلاتعطل فراہمی کیلئے کریک ڈاؤن جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو کی ہدایت پر فلور ملز اور ہول سیل پوائنٹس کی سخت چیکنگ شروع کر دی گئی ہے ۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر احمد جاوید نے 10 دکانیں اور ایک فلور مل سیل کردی ہے جبکہ آٹے کی ذخیرہ اندوزی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے ، کارروائی کے دوران دو مقدمات درج کرکے 55 سو بوری گندم قبضے میں لے لی گئی ہیں۔
ڈسڑکٹ فوڈ کنٹرولر احمد جاوید نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر دکانوں کی سپلائی کی انسپکشن جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا کہ ضلع بھر میں گندم و آٹے کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے ، گندم کی سمگلنگ روکنے کیلئے سخت ناکہ بندی کی گئی ہے۔انہوں نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ فلور ملز کوٹے کے مطابق مارکیٹ میں سپلائی دیں۔