ملتان،15 ستمبر(اے پی پی): گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول ظاہر پیر میں موٹروے پولیس کی جانب سے طلباء اور اساتذہ کو ٹریفک قوانین بارے آگاہی لیکچر دیا گیا۔ آگہی لیکچر میں طلباء کو روڈ سیفٹی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور روڈ پر ممکنہ حادثات کے متعلق آگاہ کیا گیا ۔
طلباء سے بات کرتے ہوئے ڈی ایس پی بیٹ 26 عمران مرتضیٰ نے کہا کہ تمام طلباء روڈ کراس کرتے ہوئے سڑک کے دونوں جانب دیکھیں اور نہایت احتیاط سے سڑک کراس کریں۔موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال ضرور کریں اور سڑک کے انتہائی بائیں جانب موٹر سائیکل چلائیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی پر عمل کر کے ہم سب اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔
اس موقع پر گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول ظاہر پیر کے پرنسپل نے کہا کہ موٹروے پولیس ایک کرپشن فری ادارہ ہے اور سکول کالجز میں روڈ سیفٹی لیکچرز کا انعقاد قابل ستائش ہے جس پر انہوں نے موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
موٹروے پولیس کی جانب سے طلباء میں گفٹ اور معلوماتی پمفلٹ بھی تقسیم کئے گیے۔