ملتان ؛چہلم حضرت امام حسینؑ کے انتظامات بارے اجلاس،کمشنر کی علماء کو قیام امن کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی ہدایت

30

ملتان، 15 ستمبر (اے پی پی): کمشنر عامر خٹک کی زیر صدارت چہلم حضرت امام حسینؑ کے انتظامات بارے اجلاس ہوا ۔اجلاس میں علی رضا گردیزی،پروفیسرمظہر گیلانی، مزین عباس چاون سمیت اصغر نقوی،خاور بھٹہ، انجینئر سخاوت حسین موجود تھے۔

 کمشنر نے کہا کہ انتظامیہ قیام امن کیلئے سیکورٹی اداروں سے مکمل رابطے میں ہیں ، ڈویژن میں  58 مجالس، 15 ماتمی جلوس نکالے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام مسالک نے مل کر فرقہ واریت کو ختم کرنا ہے ، امن و امان اور مسلکی ہم آہنگی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

 کمشنر عامر خٹک نے کہا تمام مسالک کے علماء اور ضلعی امن کمیٹی کے ممبران امن کے قیام کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ قول و فعل سے مسالک کے مابین پیدا ہونیوالی خلیج کو ختم کرنا ہے۔

اجلاس میں شریک آر پی او راجہ رفعت نے کہا کہ تمام مسالک سیکیورٹی اداروں سے تعاون کریں ،چہلم میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن میں جلوسوں پر 1843،مجالس پر 656 پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہونگے جبکہ روٹس پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے براہ راست مانیٹرنگ کی جائے گی ۔

ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا ملتان میں قیام امن کے لئے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہو گی ، حکومت امن و امان کے قیام کے لئے تمام اقدامات اٹھائے گی۔انہوں  نے کہا کہ عزاداری کے روایتی جلوسوں کے علاوہ دیگر اقدامات سے گریز کیا جائے۔

 پروفیسر مظہر گیلانی نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کی انتظامیہ ریاست کے احکامات کی پاسداری کرے گی۔ سید علی رضا گردیزی نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور استحکام ہر شہری کو عزیز ہے۔ مزین عباس چاون نے کہا امن کمیٹی اور سول سوسائٹی کے اراکین قیام امن کیلئے کوشاں ہیں۔

اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد، ایس ایس پی آپریشنز حسام بن ہشام،اے ڈی سی جی رضوان نذیر بھی شریک ہوئے۔