ملتان ؛ گراں فروشی کے خلاف مہم کا آغاز، 3 لاکھ روپے سے زائد جرمانے ،3 مقدمات درج

4

ملتان، 12 ستمبر (اے پی پی ):ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گراں فروشی کے خلاف مہم کا بھرپور آغازکر دیا ہے ،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس  نے   ضلع بھر میں بڑے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف ایکشن لیا اور سرکاری ریٹس کی خلاف ورزی پر 3 لاکھ روپے سے زائد جرمانے ،3 مقدمات درج کرا دئیے گئے ہیں۔

 ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو کی صدارت میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس منعقد ہوا،  ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر نے پرائس کنٹرول مہم پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا حکومت پنجاب نے عام آدمی کو ریلیف دینے کا ٹاسک دیا ہے ، اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی ردوبدل برداشت نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ دال،چاول،ٹماٹر و پیاز سمیت اشیاء ضروریہ کی سپلائی پر خصوصی نظر ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا سیلابی صورتحال کے باعث متبادل سپلائی چین کے ذریعے ریٹس کنٹرول کئے جارہے ہیں۔انہوں نے  کہا کہ  پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ انسپکشن بڑھاکر عوام کو ریلیف فراہم کریں۔