ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا گرینڈ صفائی آپریشن جاری

21

ملتان،09ستمبر(اے پی پی): ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا گرینڈ صفائی آپریشن،ورکرز شہر کو دھول مٹی سے  پاک کرنے کے لئے پرعزم، کمپنی ورکرز نے سڑکوں کی سکریپنگ اور سوئیپنگ کے ساتھ ساتھ اب واشنگ کی سرگرمیاں بھی شروع کردی ہیں۔ جمعہ کے روز ایم ڈی اے چوک اور آرٹس کونسل چوک کی پانی سے دھلائی کی گئی اور واٹر باوزر کے ذریعے ملتان ٹی ہاوس، آرٹس کونسل،چیمبرآف کامرس، اے پی پی آفس روڈ اور سٹیٹ بنک روڈ کو چمکا دیا گیا۔گرمی کے باعث سڑکوں پر اڑنے والی دھول کے خاتمہ کے لئے کمپنی انتظامیہ نے روزانہ دو بڑے چوکوں کی واشنگ کا فیصلہ کیا ہے۔سڑکوں سے دھول مٹی ہٹانے کے لئے سپیشل صفائی اسکواڈ نے پل موج دریا سے ڈیرہ اڈا چوک  تک گرینڈ صفائی آپریشن بھی شروع کردیا ہے۔

سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمد فاروق ڈوگرنے شہر کا دورہ اور صفائی کا معائنہ کیا۔ انہوں نےگلشن مارکیٹ،چونگی نمبر11 اور یونین کونسل 15 میں ناقص صفائی کا سخت نوٹس لیا ہے اور  گلشن مارکیٹ کے اطراف کی بڑی سڑکوں کی مکینیکل سوئیپنگ کا حکم دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ کمپنی کا مانیٹرنگ سٹاف ایمانداری کے ساتھ ڈیوٹی سرانجام دے اور  اپنے ایریا میں ہر گلی کوچے کا معائنہ کرے۔