فرانس کا پاکستان کیساتھ تباہ کن سیلاب کے تناظر میں معیشت کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے تعاون پر اتفاق

4

نیویارک ،20ستمبر(اے پی پی): فرانس اور پاکستان نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے تناظر میں معیشت کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے تعاون پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق  پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات میں کیا۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کے علاوہ، دونوں رہنماؤں نے موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب، معیشت کو پائیدار بنیادوں پر بحال کرنے اور اس کی تعمیر نو میں مدد کے لیے پاکستان کے لیے بین الاقوامی حمایت کو متحرک کرنے پر اتفاق کیا۔متعلقہ بین الاقوامی مالیاتی و ترقیاتی شراکت داروں کو اکٹھا کرنے کے لیے، فرانس رواں سال کے اختتام سے پہلے ایک بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کرے گا، کانفرنس کا مقصد پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی و تعمیر نو میں تعاون، موسمیاتی لحاظ سے پائیدار تعمیر نو سے متعلق فنانسنگ اور قابل تجدید توانائی کی منتقلی کو تیز کرنا ہے۔