پاکستان اورسعودی عر ب صدیوں پرانےمذہبی، ثقافتی اور تجارتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں؛وفاقی وزیر ایاز صادق  

5

اسلام آباد،8ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیراقتصادی امور سردار ایاز صادق نے کہاہے کہ پاکستان اورسعودی عر ب صدیوں پرانے مذہبی، ثقافتی اور تجارتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب صدیوں پرانے مذہبی، ثقافتی اور تجارتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔

سعودی عرب کے سفیر نے کہا کہ ہمارے دلوں میں پاکستانی عوام کے لیے ایک خاص مقام ہے، پاکستان بیش قیمت انسانی وسائل، ٹیکسٹائل ، قدرتی خوبصورتی اور مہمان نوازی کے حوالے سے بے پناہ صلاحیتوں کاحامل ملک ہے۔ انہوں  نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ  کے لیے عالمی سطح پر ملک کی  استعداد  کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وفاقی وزیر نے  سعودی عرب کے سفیر کی جانب سے  پاکستان کیلئے  جذبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون کو بڑھا کر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے سفیر کو ملک میں آنیوالے  سیلاب کی صورتحال کے بارے میں  آگاہ کیا  اور بتایا کہ وزیراعظم پاکستان کی طرف سے سیلاب کی صورتحال کی نگرانی کے لیے باقاعدگی سے میٹنگز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیراقتصادی امور سردار ایاز صادق نے سفیر کو سیلاب کے حوالے سے عطیہ دہندگان کے ساتھ تعاون کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ آنے والے ہفتوں میں نقصانات کے اندازے کی رپورٹ تیار ہو جائے گی  جس سے حالیہ بارشوں اورسیلاب  سے ہونے والے نقصانات کی مکمل تصویر فراہم ہوگی۔

وفاقی وزیر نے اسلام آباد میں سعودی حمایت وتعاون سے  دو منصوبوں  ترلائی میں کنگ سلمان ہسپتال کی تعمیر اور ایف جی کالج آف ہوم اکنامکس اینڈمینجمنٹ سائنسز  منصوبوں کی بروقت تکمیل پرزوردیا۔انہوں   نے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سعودی وزیر برائے اقتصادی امور سے ملاقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

سیکرٹری اقتصادی امور نے اس موقع پرکہاکہ  دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ  سیلاب کی  صورتحال کے بعد   پاکستان امدادی مرحلے میں ہے جس کے لیے خیموں، کمبلوں، مچھر دانی، فوڈ پیک، طبی امداد وغیرہ کی فوری ضرورت ہے، حکومت پاکستان نے دو طرفہ اور ترقیاتی شراکت داروں سے امدادی سرگرمیوں میں مدد کے لیے  درخواست کی ہے۔۔ انہوں نے  مشکل وقت میں احسن طریقے سے مدد فراہم کرنے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور امداد کو بڑھانے پر زور دیا۔

سردارایازصادق   نے پاکستان سے بے پناہ محبت کے اظہار پر سفیر کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو بڑھانے  کیلئے اپنی مکمل حمایت کااعادہ کیا۔