اسلام آباد،12ستمبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہےکہ پاکستان اور فن لینڈ کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک تجارت ، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کیلئے ماحول سازگار ہے۔
ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے فن لینڈ کے لئے پاکستان کے اعزازی کونسل جنرل ولے ایرولا کی زیر قیادت فن لینڈ سے تعلق رکھنے والی کمپنیز کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں فن لینڈ-پاکستان بزنس کونسل اور فن لینڈ کی کمپنیوں بائیو وائما، وارسلا کارپوریشن، والمٹ ٹی پی ایل اور ٹیکنالوجیز، جی اے اینڈ میٹرو کارپوریشن کے نمائندے شامل تھے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ فن لینڈ اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک تجارت ، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول موجود ہے اور موجودہ حکومت تمام منصوبے کی بروقت تکمیل پر یقین رکھتی ہے اور یہ یقینی بنایا جاتا ہے کہ منصوبوں کی تکمیل کے عمل میں شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھا جائے ۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان میں توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فوڈ پراسیسنگ ، لائیو سٹاک کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔
فن لینڈ کی کمپنیوں کے وفد نے پاکستان میں توانائی خصوصاً سولر انرجی، ونڈ انرجی ، بائیو گیس ، فوڈ پراسیسنگ اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک، معاون خصوصی طارق فاطمی او ر پاکستان میں فن لینڈ کے سفیر ہینی ریپاتی بھی موجود تھے۔