اسلام آباد،12ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے کہاہے کہ پاکستان اپنے ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ مل کرحالیہ بارشوں اورسیلاب سے ہونے والے نقصان کی رپورٹ کوحتمی شکل دے رہاہے۔
انہوں نے یہ بات پیرکویہاں کینیڈاکے وزیربرائے بین الاقوامی ترقی ہرجیت ایس سجن کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں کہی۔ وفاقی وزیر نے وفد کا وزارت اقتصادی امور میں خیرمقدم کیا اور پاکستان کی معاونت اوراظہاریکجہتی کے حوالہ سے کینیڈا کے عزم کو سراہا۔
سردار ایازصادق نے اپنے کینیڈین ہم منصب کو غیر معمولی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے پاکستان کو درپیش گھمبیر صورتحال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو 2010 کے سیلاب کا سامنا گلیشیئرز کے پگھلنے کی وجہ سے ہوا تھا لیکن اس بار یہ سب موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہوا ہے، ماحول کونقصان پہنچانے والی گیسوں میں پاکستان کاحصہ 1 فیصد سے بھی کم ہے تاہم نقصان کی شرح زیادہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان، مسلح افواج، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز، سول سوسائٹی، سمندر پار پاکستانی، بین الاقوامی برادری اور پاکستان کا ہر شہری سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے لیے عطیات دے رہا ہے۔
کینیڈین وزیر نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں اورجانی ومالی نقصان پر دلی تعزیت اورافسوسکا اظہار کیا اور کہا کہ ہمیں سیلاب کی اس تباہی کا احساس ہے جس سے پاکستان گزر رہا ہے مشکل وقت میں کینیڈا پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈا پاکستان کا مضبوط اتحادی ہے۔ کینیڈا میں پاکستان کی ایک بہت مضبوط کمیونٹی ہے جو اپنے پاکستانی بہنوں اوربھائیوں کی مدد کرنے کے لیے بے تاب ہے اور جتنی مدد کر سکتی ہے فراہم کرے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضرورت کا جائزہ لینے کے بعد کینیڈا بنیادی ڈھانچہ، توانائی اور زراعت کے شعبے میں بھی مالی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام،ایشیائی ترقیاتی بینک اور عالمی بینک آنے والے ہفتے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ کو حتمی شکل دینے جا رہے ہیں جس سے سیلاب سے ہونے والے نقصان کی حقیقی تصویر سامنے آئیگی، حتمی شکل دینے کے بعد اسے کینیڈین سفارت خانے کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان خود نیشنل فلڈ ریسکیو کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاسوں کے ذریعے ہر روز امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کررہے ہیں، ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کوشفافیت کے ساتھ چلانے کیلئے خصوصی اسٹیئرنگ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔