پاکستان میں کورین کمپنیوں کے لیے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں؛ وفاقی وزیر  احسن اقبال 

7

اسلام آباد،15ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال  نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورین کمپنیوں کے لیے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، جمہوریہ کوریا پاکستانی افرادی قوت سے استفادہ حاصل کر سکتا ہے۔

جمعرات کو اسلام آباد میں 2022 پاک کوریا انفراسٹرکچر بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی کوریا گہرے دوستانہ تعلقات رکھتے ہیں،لاہور اسلام آباد موٹر وے جو کوریا کی کمپنی نے تعمیر کی ،ہماری دوستی کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کوریا کے درمیان تجارت کا حجم کم ہے جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا آج سیاست سے زیادہ معیشت کی وجہ سے پہچانی جاتی ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال  نے کورین سرمایہ کاروں کو پاکستان میں توانائی،صحت اورتعلیم سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں نوجوان آبادی زیادہ ہونے کی وجہ سے کورین کمپنیز پاکستان میں ریسرچ اور ڈیزائن سنٹرز قائم کر کے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور کوریا کو چاہئے کہ وہ ٹیکسلا میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کوریا پاکستان گندھارا یونیورسٹی قائم کرے جو ہماری تہذیب کے حوالے سے بڑا پراجیکٹ ہوگا۔