چنیوٹ ریسکیو 1122 کی موٹر بائیک ریسکیو سروس کا آغاز

5

چنیوٹ، 29 ستمبر(اےپی پی): ڈپٹی کمشنر چنیوٹ محمد فاروق رشید نے ریسکیو 1122 کی موٹر بائیک ریسکیو سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میڈم طاہرہ خان اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر چنیوٹ محمد فاروق رشید کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے موٹر بائیک ریسکیو سروس چنیوٹ کے شہریوں کے لیے بڑا تحفہ ہے ان کا کہنا تھا کہ موٹر بائیک ریسکیو سروس سے ریسکیو 1122 کی رسائی ان مقامات اور گلی محلوں تک ہو جائے گی جہاں گاڑی کا پہنچنا ممکن نہیں تھا انہوں نے ضلع چنیوٹ میں ریسکیو 1122 کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی.

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میڈم طاہرہ خان نے بتایا کہ چنیوٹ میں 34 موٹر بائیک سے موٹر بائیک ریسکیو سروس کا آغاز کر رہے ہیں مختلف مقامات پر ریسکیو پوائنٹس بنائے جائیں گے تا کہ عوام الناس کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے موٹر بائیک کی لوکیشن جانچنے کے لیے ٹریکنگ سسٹم نصب کیا گیا ہے جسکی ریسکیو کنٹرول اینڈ کمانڈ میں لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جائے گی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میڈم طاہرہ خان نے بتایا کہ ریسکیو سٹاف ہمہ وقت عوام کی خدمت کے لیے تیار ہے کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو ہیلپ لائن پر کال کریں اور غیر ضروری کالز سے اجتناب کریں.

بعدازاں لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے موٹر بائیک ریلی بھی نکالی گئی جس کا آغاز ریسکیو سینٹرل اسٹیشن سے کیا گیا.