گندم کی آئندہ فصل کے پیداواری اہداف کو یقینی بنانے کے لئے کاشتکاروں کو جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے متعلق آگاہی فراہم کی جائے۔صوبائی وزیر زراعت

6

لاہور،27 ستمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی کی زیر صدارت لاہور میں گندم کی آئندہ فصل کی پیداواری حکمت عملی کا جائزہ لینے کے لئے پہلے اجلاس کا انعقاد ہوا۔

    صوبائی وزیر زراعت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی آئندہ فصل کے پیداواری اہدا ف کو یقینی بنانے کے ساتھ کاشتکاروں کو فیلڈ سٹاف کی راہنمائی میں جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے متعلق آگاہی فراہم کی جائے۔انھوں نے  گندم کی بوائی کے موقع پر کاشتکاروں کو معیاری زرعی مداخل کی فراہمی کو ہر صورت ممکن بنانے اور  نہری پانی کی دستیابی  کے لئے ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) کو محکمہ آبپاشی کے حکام سے میٹنگ کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر  نے کہا کہ وہ گندم کی بوائی کے عمل کو خود مانیٹرنگ کریں گے ۔انھوں نے اس سلسلے میں ڈویژنل و ضلعی سطح پر میگا فارمر گیڈرنگ منعقد کروانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں سید حسین جہانیاں گردیزی نے مزید کہا کہ گندم کی ممنوعہ اقسام کو کاشت نہ کرنے سے متعلق کاشتکاروں کو آگاہی فراہم کی جائے تاکہ کاشتکار صرف منظور شدہ اقسام کا بیج استعمال کریں جس سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہو سکے۔یاد رہے، وزیر زراعت پنجاب نے گندم کے پیداواری  اہدا ف کو یقینی  بنانے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے جو گندم کی آئندہ بوائی کے موقع پرپیداواری اہداف کے مطابق حکمت عملی مرتب کرے گی تاکہ گندم کی پیداوار میں اضافہ ہو سکے۔

     اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) ڈاکٹر  انجم علی، ڈائریکٹر جنرل زراعت پیسٹ وارننگ رانا فقیر احمد،ڈائریکٹر زرعی اطلاعات محمد رفیق اختر،ڈائریکٹر کراپ رپورٹنگ عبدالقیوم سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔