اسلام آباد،21ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ یو این ڈی پی کی مدد سے پاکستان میں انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں، سول سوسائٹی اور پیشہ وارانہ تنظمیوں کے ساتھ مل کر انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے آگاہی مہم کامیابی سے چلائی گئی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایف آئی اے اور یو این او ڈی سی کے اشتراک سے اعلی سطحی مشاورتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کی روک تھام ایک ٹاسک ہے اس کے لئے بین الاقوامی اداروں کا تعاون بھی جاری رہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے انسانی سمکلنگ کی روک تھام کے لئے نیشنل ایکشن پلان ترتیب دیا اور اس پر عمل درآمد یقینی بنا رہا ہے جس کی مدد سے انسانی سمگلنگ کے واقعات نہ ہونے کے برابر ہے اور کہا کہ پاکستان کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے ، ہمیں جرائم کے خاتمے کے لئے مزید موثر اقدامات اٹھانے ہیں ۔
انہوں نے مشاورتی ورکشاپ کے انعقاد پر ایف آئی اے، یو این ڈی پی ، یورپین یونین اور دیگر سٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا ۔
تقریب میں ڈی جی ایف آئی اے محسن حسن بٹ ، یو این او ڈی سی پاکستان کے نمائندہ جرمی ملسیم، انٹر نیشنل آرگنائزیشن فارامائیگریشن کے چیف آف مشن میلو سیٹو ،نیشنل ٹی آئی پی کمیٹی کے کوآرڈینیٹر جاوید اختر ریاض اور ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے اشرف زبیر صدیقی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس اسی ڈی او سید کوثر عباس سمیت سول سوسائٹی اور این جی اوز کے نمائندے بھی شریک تھے ۔