رحیم یار خان؛یوم سیاہ کشمیر پر  ڈپٹی کمشنر کی زیر قیادت احتجاجی ریلی

18

رحیم یار خان،27اکتوبر(اے پی پی):ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام جموں کشمیر پر بھارت کے قبضے کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا اور ڈپٹی کمشنر آفس سے جموں کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس  کی قیادت ڈپٹی کمشنر عبدالطیف خان نے کی۔

ریلی سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر عبدالطیف خان نے کہا کہ بھارت نے75برس قبل جموں کشمیر میں غیر قانونی مداخلت کرتے ہوئے ناجائز قبضہ کیا، جموں کشمیر پر بھارتی قبضہ اور مظلوم کشمیروں پر ظلم وبربریت سے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیامیں عیاں ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو قبول نہیں کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر عبدالطیف خان نے کہا کہ کشمیر بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزاد ہو کر رہے گا، اقوام عالم اور اقوام متحدہ کشمیروں کو حق خود ارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

احتجاجی ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریاست علی، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اقرار حسین ، ایم ایس شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر آغا توحید، ممبر ضلعی امن کمیٹی ریاض احمد نوری سمیت وکلاء، ڈاکٹرز، سول سوسائٹی، طلباء اور ضلعی افسران نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔