شکایات پر فوری ایکشن سے عوام کی دادرسی ہماری ذمہ داری ہے، وزیراعلیٰ

13

لاہوریکم اکتوبر ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعلیٰ شکایات سیل کے چیئرمین زبیر احمد خان نےملاقات کی۔ملاقات میں زبیر احمد خان نے شکایات سیل کی کارکردگی اورعوامی شکایات کے ازالے کے بارے میں کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے عوامی شکایات کے فی الفور ازالے کی ہدایت کی اور کہا کہ شکایات سیل میں آنے والی درخواستوں کو جلد ازجلد نمٹایاجائے،عوامی شکایات کے حوالے سے درخواستوں کو ٹائم لمٹ کے اندرحل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سابقہ دور میں عوام کی شکایات کے ازالے کیلئے جامع پلان آف ایکشن بنایاعوام کی شکایات کا بروقت ازالہ کرکے انہیں ریلیف دیاشکایت کے اندراج سے ازالے تک پورا سسٹم آن لائن ہونے سے درخواست گزار کو بہت ریلیف ملے گا،شکایات کے ازالے کیلئے ہونے والی پیشرفت کےہر سٹیپ سے  درخواست گزار کو اپ ڈیٹ رکھا جانا چاہیے۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بے بنیاد اور جھوٹی درخواستیں دینے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائےجھوٹی درخواستیں دینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ایسے عناصر کے خلاف قانونی ایکشن سے ناصرف جھوٹی درخواستیں دینے والوں کو سزا ملے گی بلکہ ادارے کا وقت بھی بچے گا، شکایات پر فوری ایکشن سے عوام کی دادرسی ہماری ذمہ داری ہے۔زبیر احمد خان نے راولپنڈی میں عوامی شکایات پر مقرر کردہ نرخوں پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے زبیر احمد خان کی کارکردگی کو سراہا۔