اسلام آباد،21اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات مضبوط بنانے ، مزید فرانسیسی کمپنیوں اور سرمایہ کاری پاکستان راغب کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان آئی ٹی ، زراعت اور لائیو سٹاک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنا ہوں گے ، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں موجودہ تعاون تیز کرنے کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فرانس میں پاکستان کے نامزد سفیر عاصم افتخار احمد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے فرانس کے ساتھ دوطرفہ تجارت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ 1.8 ارب ڈالر کا دوطرفہ تجارتی حجم دونوں ممالک کے مابین تجارتی امکانات کی نسبت بہت کم ہے ۔ صدر مملکت نے تمام دوطرفہ فورمز کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی ، زراعت اور لائیو سٹاک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنا ہوں گے ۔
صدر مملکت نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے بعد فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کی جانب سے امداد کے اعلان کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نامزد سفیر مشترکہ اقتصادی کمیشن کے افتتاحی اجلاس کے جلد از جلد انعقاد کے لئے فرانس کے ساتھ مل کر کام کریں ، مشترکہ اقتصادی کمیشن دو طرفہ اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے مفید ثابت ہوگا۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات مضبوط بنانے ، مزید فرانسیسی کمپنیوں اور سرمایہ کاری پاکستان راغب کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فرانس یورپ میں پاکستان کا اہم شراکت دار ہے ، دونوں ممالک کثیر الجہتی تعلقات کے حامل ہیں، دونوں ممالک سیاسی، تجارتی اور اقتصادی، دفاع، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون موجود ہے ۔
صدر مملکت نے فیشن ڈیزائن، اعلیٰ ترین فیشن مصنوعات، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں فرانس کے تجربے سے سیکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں موجودہ تعاون تیز کرنے کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔