عمران خان سے بہت دفعہ سوال کیا کہ آپ کا ٹیکس ڈیڑھ لاکھ سے نوے لاکھ تک کیسے پہنچا ؛ احسن اقبال

3

لاہور،22اکتوبر ( اے پی پی ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ قانون نے کرپشن پر عمران خان کو نا اہل کیا، فیصلہ سڑکوں پر نہیں عدالت میں ہونا ہے ، عمران خان سے بہت دفعہ سوال کیا کہ آپ کا ٹیکس ڈیڑھ لاکھ سے نوے لاکھ تک کیسے پہنچا،عمران خان نے پاکستان کے آئین کی ریڈ لائن کو توڑا  ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے نئے پاکستان کا نعرہ لگا کر عوام کو دھوکہ دیا، عمران خان نے پاکستان میں آئین کی ریڈ لائن کو کراس کیا، توشہ خانہ کیس میں عمران خان نے ملک کے وقار کو بھی مٹی میں ملا دیا،پاکستان کے آئین و قانون پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، مقبولیت کے باوجود عمران خان پاکستان کے آئین و قانون سے بڑے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عملدرآمد نہ کر کے عمران خان نے توہین عدالت کی ریڈ لائن کو بھی عبور کیا، عمران خان سچے ہیں تو فنانشل ٹائمز کے خلاف مقدمہ کیوں دائر نہیں کرتے۔

 احسن اقبال نے کہا کہ آج پی ٹی آئی خیبر پختونخواہ اور پنجاب کی اسمبلیاں توڑنے کی دھمکیاں دے رہی ہے ، اگر پی ٹی آئی اسمبلیاں توڑنے میں سنجیدہ ہے تو آگے بڑھے، جب محمد نوازشریف کے خلاف فیصلہ آیا تو مسلم لیگ (ن) نے سڑکوں کو بند نہیں کیا، ملک کے اندر دہشت گردی نہیں کی، محمد نوازشریف نے خود کو عدالتی فیصلوں کے سامنے سرنڈر کیا، وزارت عظمیٰ کا منصب چھوڑا اور آئین و قانون کی جنگ کا راستہ اختیار کیا۔